اڈپی 27؍ستمبر(ایس او نیوز) صدر ہند رام ناتھ کووند اڈپی کرشنامٹھ میں حاضری کے لئے انڈین ایئر فورس کے طیارے میں منگلورو ہوئی اڈے پر پہنچے جہاں ریاست کے گورنر واجو بھائی والااور ضلع انچارج وزیر یو ٹی قادرنے ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر منگلورو شہر کے میئر بھاسکر موئیلی، ضلع پنچایت صدر میناکشی شانتی گوڈو،ضلع جنوبی کینراکے ڈپٹی کمشنر سسی کانت سنتھیل ،ایڈیشنل ڈی سی کمار، ضلع ایس پی روی کانتے گوڈا، اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس روی چندرا نائک ، سٹی میونسپل کمشنر محمد نذیر وغیرہ بھی موجود تھے۔
منگلورو ہوائی اڈے سے ہی محکمہ دفاع کے ہیلی کاپٹر میں سوار ہوکر صدر ہند اڈپی پہنچے جہاں ان کی آمد کے پیش نظر سخت حفاظتی انتظامات کردئے گئے تھے ۔ مٹھ کے اطراف کے علاقوں میں دکانیں بندرکھی گئی تھیں۔ضلع انتظامیہ اورمحکمہ پولیس نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کمل پنت کی قیادت میں آئی جی پی ارون چکرورتی، ایس پی لکشمن نمبرگی وغیرہ پر مشتمل ٹیم نے حفاظتی بندوبست اور صفائی ستھرائی کا پورا جائزہ لیااور کسی بھی قسم کی کسر نہیں چھوڑی۔
اڈپی پہنچنے پر پیجاور مٹھ کے دیوان رگھو رام اچاریہ نے گورنر واجوبھائی والا،ناگالینڈ کے گورنر پی بی اچاریہ، ضلع انچارج وزیر جیا مالا، کوٹا سرینواس پجاری، رکن اسمبلی رگھو پتی بھٹ، ڈی سی پریانکا میری فرانسس اور ضلع پنچایت صدر دناکرابابو کی موجودگی میں صدر ہند استقبال کیا۔
صدر ہند نے ۸۸سالہ پیجاور سوامی جی پرجوش زندگی اور سرگرمیوں کی ستائش کی۔پیجاور سوامی جی نے کرشنامٹھ کی تاریخ اور مادھو اچاریہ کی تعلیمات سے صدر ہند کو آگاہ کیااور روایتی انداز میں صدر ہند اور ان کی اہلیہ کی عزت افزائی کی ۔اور انہیں سری کرشنا کی مورتی تحفے میں دی جس کے بارے میں صدر ہند نے کہا کہ وہ ا س مورتی کو راشٹرپتی بھون میں رکھیں گے۔
اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے پیجاور سوامی نے کہا کہ:’’ صدر ہند نے کرشنا مٹھ میں حاضری دی ہے۔ اس سے برکتیں نصیب ہونگی۔ یہ بالکل پوری قوم کوسری کرشنا کی برکتیں ملنے جیسا ہے۔‘‘سوامی جی نے رام مندر کے موضوع پر بولتے ہوئے کہا کہ ’’ سپریم کورٹ کا فیصلہ اس ضمن میں واضح نہیں ہے۔ اس کے بارے میں بات چیت چل رہی ہے۔‘‘